بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتیں بالخصوص مسلمان شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں، عالمی برادری معاشی و اقتصادی مصلحتوں سے نکل کر بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے ہندوستان میں امن وامان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ہندوستان میں علماء کے ساتھ ناروا سلوک پر ہر شخص کی آنکھیں نم ہیں، پولیس پریانکا گاندھی کا گلہ دبانے کی کوشش کرے توعام آدمی کے ساتھ رویہ کیا ہوگا، یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے لیکن مودی سرکارٹس سے مس نہیں ہورہی، اب یہ لڑائی کسی ایک مذہب،خطے اور زبان تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دو نظریات میں مکمل طور پر تقسیم ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، خدشہ ہے کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں کوئی نیا ناٹک رچا سکتا ہے، ایک طبقے نے کہنا شروع کر دیا کہ ہندوستان کے اندر جوہو رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کونقصان اندر سے پہنچ رہا ہے وہ جمہوری قدروں کو پامال کر رہا ہے، مظلوم کشمیریوں کی آواز اللہ نے سنی ہے،کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونے چاہئیں، آج دنیا کی آنکھ کھل رہی ہے، قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی صداقت کو سب تسلیم کر رہے ہیں، وہ کشمیری طبقہ جو پہلے بھارت کا حامی تھا اب اس سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہے، آنکھ نہیں کھل رہی تو ان کی نہیں کھل رہی جن کے مفادات ہندوستان کے ساتھ وابستہ ہیں۔

Comments are closed.