جعلی اکاؤنٹس،پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت ملزمان پرفرد جرم عائد کیلئے تاریخ مقرر

اسلام آباد: احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری اورفریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پرفرد جرم کےلیے 22 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ اورپارک لین ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کا کراچی میں علاج جاری ہے۔ انہیں متعدد امراض لاحق ہیں۔

جج اعظم خان نے استفسار کیا کہ زین ملک کا معاملہ کہاں تک پہنچا؟ نیب کے تفتیشی  افسرنے بتایا کہ زین ملک کا کیس مجاز اتھارٹی کے پاس زیر التوا ہے۔ آئندہ سماعت تک اس معاملہ کو کلیئر کر دیںگے۔ جج نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر زین ملک سے متعلق پیشرفت رپورٹ سے آگاہ کریں۔

عدالت نے قراردیا کہ پارک لین ریفرنس میں آئندہ سماعت پر فرد جرم پر عائد کی جائے گی۔ تمام ملزمان حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور،انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، زین ملک، نمرمجید، یونس قدوائی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کردیئے۔

نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں 9 نئے ملزمان کو شامل کیا ہے۔5 ملزمان کا نام فہرست سے نکال دیا۔ عدالت نے پارک لین اورمیگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنسزکی سماعت 22 جنوری تک  ملتوی کردی۔

Comments are closed.