بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی، سکھ برادری سے متعلق پراپیگنڈہ مسترد

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے پاکستان میں اقلیتوں بالخصوص سکھ برادری سے متعلق بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا ہے،مودی سرکار کے پاکستان مخالف پراپیگنڈہ پر بھارتی ناظم الامور گورو آہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں بھارتی ناظم الامور گورو آہلوالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بے بنیاد بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ڈی جی ساوتھ ایشیا زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامورگورو اہلوالیا کو احتجاجی مراسلہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سکھ کمیونٹی کے حوالے سے بے بنیاد اورمن گھڑت بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام پر حملہ کا الزام بے بنیاد ، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے، پشاور میں سکھ نوجوان کے قتل کو ٹارگٹ کلنگ کا نام دے کر بھارت مذموم مقاصد کے حصول کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان چوک میں چند مقامی افرادنے گرفتار افراد کی رہائی کیلیے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا، اس احتجاج  کی قیادت کرنے والے مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

Comments are closed.