اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی بھی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، بلکہ امن کے قیام اور تنازعات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے عمان کے وزیر مذہبی امور نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت بین الاقوامی اور پاک عمان دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں بھارت کے اندر بی جے پی حکومت کی مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی پالیسیوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں کشمیر میں غاصبانہ محاصرے، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بنیادی انسانی حقوی کی تشویشناک صورتحال سے عمانی وزیر کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایران اورسعودی عرب کے تنازعات ختم کرنے کےلیے بھی کوششیں کیں، عالمی برادری کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خطے میں تنازع سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے، پاکستان خطے میں مزید کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا اور ہمیشہ امن کا شراکت دار بنے گا، پاکستان خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور عمان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے عمانی سلطان قبوس بن سید کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Comments are closed.