راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن و استحکام کی کوششوں میں خطے کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ فعال ہے۔ ملکی دفاع و سلامتی پر سمجھوتہ کئے بغیر اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں جیوسٹریٹجک، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد خطے کی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران پاک افغان سرحد کی صورتحال بالخصوص بارڈر کے قریب داعش کی موجودگی کے حوالے سے رپورٹس کا معاملہ زیر غور آیا، اس کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
میجر جنرل آصف غفور کے مطابق اجلاس میں امریکا ایران تنازعہ اور اس کی وجہ سے خطے کی بدلتی صورتحال اور علاقائی امن پر اثرات کے اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ کور کمانڈرز نے بھارتی آرمی چیف اور سویلین قیادت کی جانب دھمکیوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے خطے کا امن متاثر ہوگا۔
Statements of Indian mil ldrship against Pak are irresponsible rhetoric with implications on regional peace and stability.
“We shall cont to play our resp & positive role for regional peace without compromising national security & def of motherland at whatever cost”, COAS.(2/2). pic.twitter.com/w2qMbZxiPi— DG ISPR (@OfficialDGISPR) January 14, 2020
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امن و استحکام کی کوششوں میں خطے کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ فعال ہے، پاکستانی مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع کریں گی اور ملکی سلامتی اور دفاع پرسمجھوتہ کئے بغیر علاقائی امن کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.