پاکستان سے تعلق سی پیک کی حد تک نہیں، پاک چین تعلقات پرپروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں،ژاؤ جنگ

اسلام آباد: چینی سفیر ژاو جنگ نے چین اور پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے ہر قسم کے پروپیگنڈا کو مستردکر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے چین کا تعلق صرف سی پیک کی حد تک نہیں بلکہ دفاع اورعالمی امور سمیت تمام شعبوں میں تعاون موجود ہے۔

پاکستان میں متعین چینی سفیر ژاو جنگ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی میڈیا سنکیانگ میں مسلمانوں کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کررہا ہے جب کہ ہانگ کانگ میں مظاہروں کے حوالے سے بھی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کو سنکیانگ کے دورے پر مدعو کروں گا، خود صورتحال کا جائزہ لیں اور حقائق دیکھیں۔

ژاو جنگ کا کہنا تھا کہ چین اپنے شراکت داروں کی ترقی اور ان سے بہتر ترقیاتی تعلقات کا خواہاں ہے، اس میں پاکستان کو اولین ترجیح حاصل ہے، پاکستان سے چین کا تعلق صرف سی پیک کی حد تک نہیں بلکہ دفاع اورعالمی امور سمیت تمام شعبوں میں تعاون موجود ہے، پاکستان اور چین بالخصوص دونوں کے تعلقات کے حوالے سے ہر قسم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈر کسی صورت سست روی کا شکار نہیں، گوادر میں تکنیکی تعلیم، اسپتال، نیا ہوائی اڈا، پاور پلانٹ اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے مکمل ہوئے، سی پیک کے مزید 7 منصوبے مکمل، 10 تکمیل کے قریب ہیں، جب کہ ریلوے ایم ایل ون منصوبہ جلد شروع ہو گا، اس حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات اور طرزعمل خطے کی سلامتی کیلئے بڑا چیلنج ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر یکطرفہ بھارتی اقدامات غیرقانونی اور ناقابل قبول ہیں، چین سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور مسئلہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پرہے، بین الاقوامی برادری کو مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔

Comments are closed.