واشنگٹن: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرانے اورخطے میں قیام امن کیلئے متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکا۔ایران کشیدگی کے پرامن حل کی تلاش میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی نائب وزیردفاع جان روڈ نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا دفاعی تعلقات اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نائب وزیردفاع نے وزیرخارجہ کو دونوں ممالک کے درمیان دفاع سے متعلقہ جاری تعاون پر آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ نے امریکی نائب وزیر دفاع کو پاکستان کی جانب سے جنوبی ایشیائی خطے میں قیام عمل کیلئے کی جانے والی مختلف کاوشوں سے آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان ہمارا تعاون دوطرفہ تعلقات کے ایک اہم پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (آئی ایم ای ٹی) پروگرام کی بحالی کا امریکی فیصلہ علامتی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے اور دوطرفہ فوجی تعاون کی مزید بحالی کے لئے اولین خوش آئند اقدام ہے۔
وزیرخارجہ نے امریکی نائب وزیردفاع کو علاقائی ممالک کے اپنے حالیہ دوروں سے آگاہ کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور بات چیت کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پورے خطے کیلئے خطرات کا موجب بن سکتی ہے، اسی لئے پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کیلئے کاوشیں بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے ایران امریکا کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائے میں کسی بھی قسم کے عدم استحکام کے امکانات پر شدید تشویش میں مبتلا ہے اور امریکا۔ایران کشیدگی کے پرامن حل کی تلاش میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
Comments are closed.