اسلام آباد: امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے پر حکومت پاکستان کا تعاون قابل ستائش ہے جب کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف پر کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے نائب معاون امریکی وزیرخارجہ ایلس ویلز نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سیکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو تسلی بخش حد تک حل کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر ایلس ویلز نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ملاقات کے لیے آئے امریکی وفد نے کہا کہ ہم ایک پختہ نظام اور طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں جس سے آنے والے وقت میں بھی مستفید ہوا جا سکے۔
اعجاز احمد شاہ نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔پاکستانی حکام نے امریکی وفد کو بتایاکیا کہ نومبر، دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں حل کیے جانے والے کیسز کی رپورٹ امریکی سفارت خانے کو بھیج دی گئی ہے۔ ایلس ویلز نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بروقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں (آئی این جی اوز) کی رجسٹریشن کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے، جن تنظیموں پر تحفظات ہوں انہیں اپنا موقف دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، جب کہ مقررہ معیار پر پوری اترنے والی تنظیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے۔
انہوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے متعلق بھی امریکی وفد کو بریفنگ دی جس پر ایلس ویلز نے کہا کہ یہ سن کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان کی مرکزی حکومت نے ان معاملات پر کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
خیال رہے کہ ایلس ویلز دورہ بھارت اور سری لنکا کے بعد چار روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھیں۔ اپنے دورے کے دوران ایلس ویلز پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی جن میں پاک امریکا تعلقات، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
Comments are closed.