امریکا تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کر سکتا ہے، امریکی صدر ٹرمپ

ڈیوس: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ملاقات ہوئی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار اداکر سکتاہے۔عمران خان دعوت دیں گے تو ضرور پاکستان جاؤں گا۔

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ہوئی جس میں ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائن پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں اطراف کے وفود بھی موجود تھے۔ پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرتجارت عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی زلفی بخاری اور معید یوسف شامل تھے ۔

امریکی صدر نے کہا کہ کشمیر پربات کررہے تھے اوراسی تعلق سے پاکستان اوربھارت کے درمیان اس معاملے کو حل کرنے کےلیے درکارمدد بات چیت کی گئی، یقیناً ہم مدد کریں گے، ہم کشمیر کی صورتحال کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں لیکن آج اپنے دوست عمران خان سے ملنا باعثِ فخر ہے۔

صحافی نے ٹرمپ کے دورہ پاکستان پرسوال کیا توجواب میں ٹرمپ نے عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ مجھے بلائیں گے تو میں پاکستان ضرور جاؤں گا، دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ دونوں ممالک جتنے آج ایک دوسرے کے قریب ہیں ماضی میں پہلے کبھی نہ تھے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہمیشہ سے کہتا رہا ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے قریب رہے ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں عمران خان دوست ہیں ان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔

بعد ازاں وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان یکساں طور پر پاکستان اور امریکا کےلیے ایک اہمیت رکھتا ہے، خوش قسمتی سے دونوں ممالک ایک ہی پیج پرہیں، افغانستان میں طالبان سے مذاکرات پر بھی بات ہوئی ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.