پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید ناقابل تسخیر۔۔۔بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: ملکی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر بنانے کی طرف ایک اور قدم۔۔۔۔۔ پاکستان نے زمین سے زمین پر 290 کلو میٹر تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلیسٹک میزائل غزنوی زمین سے زمین پر290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ میزائل مختلف قسم کے وارہیڈزلے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربہ پاک فوج کی اسٹریٹجک کمانڈ فورسزکی تربیتی مشقوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد دن اور رات میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے مشقوں اور میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے میزائل تجربے میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹجک فورسزکی صلاحیتوں پرمکمل اعتماد ہے۔ غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے پر صدرمملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف  اسٹاف کمیٹی ندیم رضا اور مسلح افواج کے سربراہان نے قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔

Comments are closed.