سازشیوں کا پتہ ہے،عثمان بزدار کو کسی صورت عہدے سے نہیں ہٹاؤں گا، عمران خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عثمان بزدارکو وزارت اعلیٰ سے کسی صورت نہیں ہٹایا جائے گا، معلوم ہے سازش کون کر رہا ہے، بزدار کی جگہ نیا وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا تو وہ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا۔

وزیراعظم کے زیرصدارت لاہور میں ارکان اسمبلی کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے صوبائی رہنماؤں پر واضح کیا کہ وہ عثمان بزدار کو کسی صورت وزارت اعلیٰ کے عہدے سے نہیں ہٹائیں گے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ سازش کون کر رہا ہے اور اس کے پیچھے کون ہے؟

عمران خان نے کہا کہ آپ سے ملاقات کا مقصد آپ کے حلقوں کے مسائل جاننا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سےمتعلق رکاوٹوں کے حل کیلئے ہدایات دینا ہے۔ تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی نقطہ کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ایک منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہاہے۔ جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو ہم مثبت انتظامی تبدیلی لے کر آئے ہیں، اسے ناکام بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بڑے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن ہوا اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آیا ہے۔ جب حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے اور قرضوں کا سامنا تھا لیکن آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کےلئے پرکشش ملک کے طورپر دیکھ رہی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر جس طرح پذیرائی ملی، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے مابین ایک مربوط میکانزم ضروری ہے انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

عام آدمی کو ریلیف پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان اہم دورے پر لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 22 جنوری تک 187 ارب روپے جاری کئے گئے جن میں سے مختلف منصوبوں پر107 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی حکومت نے پسماندہ علاقوں کے فنڈز کو کسی دوسرے علاقے یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر کام کی رفتار تیز اور جاری ہونے والے فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے۔ عام آدمی کو ریلیف پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ صوبائی وزرا اپنے اپنے محکموں میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو قبضہ مافیا، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے مزید سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے عناصر کو کسی صورت مت چھوڑیں اور سخت سزا دیں۔

Comments are closed.