اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پیسہ بنانے کے لیے مافیا ملک میں مہنگائی کرتا ہے، جسے کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
کراچی میں ‘کامیاب جوان پروگرام’ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا اتنا کامیاب ہوگا، پروگرام کے تحت میرٹ پر اور امتیاز قرضے دیے جائیں گے۔’
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن میرٹ نہ ہونے کے باعث ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا، اقرباء پروری اور سفارشی کلچر کے باعث ملکی ادارے کمزور ہوئے۔ کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ہمارا ملک ٹیلنٹ ہونے کے باوجود دنیا سے مقابلہ نہیں کرپارہا،نچلے طبقے پر خرچ کریں تو ملک ترقی کرتا ہے۔’
عمران خان نے کہا کہ ‘قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے جاتے رہتے ہیں، ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بناؤں، وہ ملک بناؤں جو قائد اعظم، علامہ اقبال کی خواہش تھی، ابھی مشکل وقت ہے یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی اجلاسوں کے دوران وزیروں کو گھبرائے ہوئے دیکھتا ہوں، وزیر کہتے ہیں لوگ مہنگائی ہونے کا شکوہ کرتے ہیں، وزرا کو کہتا ہوں مہنگائی سے گھبرائیں نہیں اس سے سیکھیں، مافیا پیسہ بنانے کے لیے ملک میں مہنگائی کرتا ہے جسے پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان ایک روزہ دورے پر پیر کی سہ پہر کو کراچی پہنچے تھے۔ جہاں گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ عمران خان نے گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی میں مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر گورنر عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان سے کراچی میں ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا، وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر بھی موجود تھے۔
Comments are closed.