اشرف غنی کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی ٹوئٹس پاکستان کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت اور بلاجواز ہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک مذمتی بیان میں کہا گیا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر افغان صدر اشرف غنی کے حالیہ بیان پر سخت تشویش ہے یہ ٹوئٹس بلا جواز اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے بیانات دونوں ممالک کے درمیان اچھی ہمسائیگی کےلیے مددگار نہیں، پاکستان، افغانستان کے ساتھ قریبی خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے تاہم یہ تعلقات عدم مداخلت کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں افغانستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرے۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے پی ٹی ایم سربراہ کی جلد رہائی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے کے ممالک کو پرامن شہری تحاریک کی لازمی طور پر حمایت اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

Comments are closed.