وزیرخارجہ دورہ کینیا پرروانہ:اینگیج افریقہ کانفرنس میں شرکت، اہم ملاقاتیں شیڈول

اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اہم سرکاری دورے پر کینیا چلے گئے،دو روزہ اینگیج افریقہ معاشی سفارت کاری کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ساتھ کینیا کے صدر اور ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ کینیا دو مرحلوں پر مشتمل ہے پہلے مرحلے میں وزیرخارجہ 29 جنوری کو کینیا کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ سیاسی و سفارتی تعلقات کے فروغ اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورہ کینیا کے دوسرے مرحلے میں شاہ محمود قریشی دو روزہ اینگیج افریقہ معاشی سفارت کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت نے معاشی سفارت کاری کو ایک اصول کے طور پر اپنایا ہے اور اس میں آگے بڑھ رہے ہیں، حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے ہم نے افریقہ کی طرف توجہ مبذول کرنے کا فیصلہ کیا ہے،افریقہ ایک ایسا براعظم ہے جس میں 54 ممالک ہیں،وہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیا میں دو روزہ “اینگیج افریقہ معاشی سفارت کاری کانفرنس کی صدارت مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کریں گے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سیاسی اور سفارتی تعلقات کو بڑھاتے ہوئے اپنی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کینیا افریقہ کا گیٹ وے ہے، کوشش ہوگی کہ اس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف کینیا بلکہ دیگر افریقی ممالک کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات پہلے سےزیادہ مضبوط اور مستحکم ہوں۔

Comments are closed.