اسلام آباد: بھارت اور افغانستان کے خفیہ اداروں کی جانب سے کرتار پور پر دہشت گردی کروانے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے امن دشمنوں کی سازش کا پتہ لگا لیا۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسز ونگ (راء) اور افغان سیکورٹی ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف ڈیفنس (این ڈی ایس) کی خطے کے امن کو خراب کرنے مذموم سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ راء اور این ڈی ایس نے پاکستان کے امن و آشتی کے عمل کو خراب کرنے کے لئے کرتارپور پر دہشت گردی کروانے کا منصوبہ بنا لیا۔
پاکستان کے خفیہ اداروں نے انتہاء پسند ہندوتوا نظریئے کے زیراثرمودی سرکار اور اس کے ہاتھوں میں کھیلنے والے افغانستان کی نئی چال کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، پاکستانی سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بھارت- افغانستان گٹھ جوڑ بے نقاب کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کسی بھی مذموم سازش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
مودی سرکار کو سکھ برادری کی خوشی ایک آنکھ نہیں بھائی۔۔۔اس لئے کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کو مختلف بہانوں سے تنگ کرتا رہا ہے۔ پاکستان آنے کی اجازت کے عمل کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ بھارتی اقدامات کے باعث سکھ برادری پاکستان کی جانب سے دی گئی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
Comments are closed.