زلمے خلیل زاد کی وزیرخارجہ اورآرمی چیف سے ملاقاتیں، افغان امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد: امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں، جن میں افغان امن عمل سے متعلق مشترکہ کاوشوں کو بروئے کارلانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں سمیت خطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات کی موجودہ صورتِ حال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا اورطالبان کے درمیان امن معاہدہ طے پانے سے انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموارہوگی، جو ناصرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کے امن واستحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ملاقات کے دوران افغان امن عمل سے متعلق مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
بعد ازاں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی، خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور جاری افغان مفاہمتی عمل سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمبیسڈر زلمے خلیل زادنے خطے میں امن کے پاک امریکا مشترکہ ہدف کے حصول میں سہولت کاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.