لاہور: حکمران جماعت تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ حکومت کو اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے۔ وعدے پورے کیے جانے چاہئیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے سی پی این ای کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈالی جاتی ہے، ہم نے بھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں۔ ہم چاہتےہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہم کوشش کرتے ہیں کہ صبر کے ساتھ چلیں،احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا، ہم بھی اسی حکومت کے ساتھی ہیں اس لیے نقصان سے بچنے کے لئے اصلاح کی کوشش کر رہے ہیں، اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہیے، ہم انتظار کروں اور بہتری دیکھو’ کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔
مسئلہ کشمیرسے متعلق بات کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا موجودہ حکومت نے کشمیر کا معاملہ اچھے طریقے سے عالمی سطح پر اجاگر کیا، ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان نے نہایت ہی موثر انداز میں کشمیر اور کشمیریوں کا کا مقدمہ لڑا۔
دوسری جانب چودھری مونس الہیٰ کی جانب سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں تبدیلی کے معاملے پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے ہاتھوں سے معاملات کو خود کیوں سبوتاژ کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جہانگیر ترین، پرویز خٹک اورشہزاد ارباب پر مشتمل کمیٹی کے ساتھ مثبت پیشرفت ہو رہی تھی۔
Comments are closed.