صادق سنجرانی کی بہادرآباد آمد: ہرپاکستانی کو برابر کا وفاداراورحق دارسمجھا جائے،خالد مقبول

کراچی: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں رہ کر مسائل کے حل کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کو برابر کا وفادار اور حق دار سمجھا جائے،عوام کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کراچی کے علاقے بہادر آباد میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان ،فیصل سبزواری اورامین الحق شامل تھے۔

چیئرمین سینیٹ سے رسمی گفتگو کے آغاز پر خالد مقبول صدیقی نے ہلکے پھلکے انداز میں شکوہ کرتے ہوئے مصرع کہا ‘بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے’، جس پر صادق سنجرانی نے کہا کہ میں پہلے بھی آیا تھا لیکن آپ سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔ ہم چاہتے ہیں آپ ہمارے ساتھ رہیں۔ جس پر فیصل سبزواری نے کہا کہ ہماری بھی یہی خواہش ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ کی کابینہ سے علیحدگی کی خبر پر دلی افسوس ہوا، جس پر خالد مقبول نے کہا کہ جن عوامی مسائل کے لیے حکومت سے اتحاد کیا وہ حل ہوجائیں، وزارتیں تو آنی جانی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مطالبات پرحکومتی کمیٹی کام کررہی ہے جلد معاملات حل ہوں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا بہادرآباد آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں،  ایم کیو ایم نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مسائل پر آواز اٹھائی، ہر پاکستانی کو برابر کا وفادار اور حق دار سمجھا جائے، سندھ کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ سیاسی معاملات پر زیادہ بات نہیں کرسکتا، پاکستان کی بہتری کے لئے کسی بھی پارٹی کے پاس جانے کو تیار ہوں، ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں گے، کوشش ہوگی کہ چھوٹے مسائل کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی خدمت کریں۔ کابینہ میں بیٹھ کر زیادہ مؤثر انداز میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں گے۔

Comments are closed.