راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کے نقصانات کے مدنظر صبرو تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت ایک پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب اورانہیں طاقت کے اندھا دھند استعمال سے دبا رہا ہے۔مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے، اس سال پانچ فروری یک جہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے، ثابت قدمی سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنے حق خودارادیت کی جدو جہد کر رہےہیں، ان کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، دنیا کے ضمیرکو جھنجوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیری جدوجہد میں اکیلے نہیں ہم ان کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں، ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آرم چیف نے کہا کہ پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں نہایت مستعد ہے، آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، بھارتی افواج کنٹرول لائن پراشتعال انگیزی اورسول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، ہم ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مد نظر صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
Comments are closed.