مظفر آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت 5 اگست کو بہت بڑی غلطی کر بیٹھا ہے کوئی شک نہیں بھارتی وزیراعظم مودی نے جو قدم اٹھایا ہے اس سے کشمیر آزادی کی جانب بڑھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ساری انتخابی مہم پاکستان کیخلاف کی، اور ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھایامودی آر ایس ایس کے نظریے کو اوپر لایا، آر ایس ایس ہٹلر سے متاثر تھی، آر ایس ایس نے یہودیوں کے قتل عام کو سراہا، ہم نے لوگوں کو بتایا کہ آر ایس ایس کا فلسفہ کیا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مودی کہتا ہے کہ 11 دن میں پاکستان کو فتح کر سکتے ہیں، ایسا بیان دینے والے آدمی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہوسکتا، گھبرائے ہوئے لوگ ایسے بیان دیتے ہیں، بھارتی آرمی چیف کہتا ہے ایک اشارہ کریں، آزاد کشمیر فتح کرلیں گے، بھارت دہشت گردی کے نام پر کشمیریوں پر ظلم و تشدد کرے گا، آر ایس ایس مقبوضہ کشمیر کو اکثریت سے اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، دنیا کشمیر کو دیکھ رہی ہےاس لیےبھارت پھنس چکا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا دہشتگردی کو اسلام سے جوڑ دیا جاتا ہے، ہندو، یہودی دہشتگردی کا کبھی کسی نے کہا ؟ بھارت عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے، دین اور دہشتگردی کا کوئی تعلق نہیں، کشمیر ایشو کو اب اگلے مرحلے میں لے کر جانا ہے، یورپی پارلیمنٹ میں 600 پارلیمنٹیرینز نے قرارداد پاس کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ نریندر مودی نے 5 اگست کو آج سے 6 ماہ پہلے کشمیر میں جو قدم اٹھایا تھا وہ اس کی بہت بڑی غلطی تھی، میرا ایمان ہے کہ اب کشمیر آزاد ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر مودی یہ قدم نہ اٹھاتا تو دنیا کو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے تھے، جتنا بھارت میں کشمیریوں پر ظلم ہورہا تھا، کشمیریوں پر پیلٹ گنز استعمال ہورہی تھیں ہر دوسرے دن کشمیریوں کی شہادت ہورہی تھی لیکن دنیا کو کوئی فکر نہیں تھی کوئی نہیں سن رہا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں جمہوریت پسند ہوں، جمہوریت پسند اقتدار کیلئے نہیں ہوں، جمہوریت جتنی بھی بری ہو پھر بھی بہترین نظام ہے، مغرب ہم سے آگے اس لیے ہے کیونکہ وہاں جمہوریت پہلے آئی، جتنی جمہوریت بڑھے گی اتنی خوشحالی آئے گی، جہاں بادشاہت تھی وہ معاشرے پیچھے رہ گئے، خوشحال ممالک کے پاس شفاف نظام ہے۔
وزیراعظم نے کہا ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، ملک لوٹنے والوں سے مفاہمت کا نہ کہیں، میرے گھر سے کوئی چوری کرے کیا میں اسے چھوڑدوں؟ خوشحالی کی سب سے بڑی وجہ شفافیت اور کرپشن سے پاک معاشرہ ہے، یہ ذاتی نہیں، میرے ملک کی لڑائی ہے، چین نے 450 وزرا کو جیلوں میں ڈالا، جس ادارے کی طرف دیکھوں خسارے میں ہے، اپنے اندر کبھی مایوسی نہ لائیں، یہ گناہ ہے۔
Comments are closed.