اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ویزہ پالیسی میں نرمی کے بعد دنیا بھر سے سیاح پاکستان آنے کے لیے بے تاب ہیں، نادرا کو 24 ہزار878 سیاحوں سمیت مجموعی طور پر89 ہزار غیرملکیویں نے آن لائن ویزہ درخواستیں جمع کرا دیں۔
پاکستان کی جانب سے 175 ممالک کے لئے ویزہ شرائط اور پالیسی میں نرمی کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، گزشتہ چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 89 ہزار جب کہ صرف سیاحتی ویزے کیلئے 24 ہزار سے زائد آن لائن ویزہ درخواستیں موصول ہوئیں۔
دستاویزات کے مطابق نادرا کو آن لائن ویزہ ایپلی کیشن سسٹم کے ذریعے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 89 ہزار788 ویزہ درخواستیں موصول ہوئیں۔ان میں سے 79 ہزار620 غیر ملکیوں کو آن لائن ویزہ فراہم کر دیا گیا ، 2 ہزار 988 غیر ملکیوں کی درخواستوں کی اسکروٹنی جاری جبکہ 3 ہزار966 ویزہ درخواستیں مسترد کی گئیں۔
سیاحت کے علاوہ دنیا بھر سے شہریوں نے پاکستان کے لیے بزنس، مذہبی رسومات کی ا دائیگی، مشنری، کوہ پیمائی ، فیملی اور ثقافتی ویزوں کے لیے بھی اپلائی کیا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے 175 ممالک کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی کی تھی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف ممالک کے لئے ویزہ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے 175 ممالک کے لئے ویزہ شرائط میں نرمی جب کہ آن لائن ویزہ سہولت کا آغاز کیا تھا۔وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آن لائن ویزہ ایپلی کیشن تیار کی تھی۔
Comments are closed.