اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 53 لاکھ روپے، پیپلزپارٹی کے پاس 16 کروڑ روپے جبکہ نون لیگ کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایک سال میں 9 کروڑ روپے کی کمی کے ساتھ تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 53 لاکھ روپے ہو گئی ہے، تحریک انصاف نے 1 سال میں 50 کروڑ 87 لاکھ سے زائد اخراجات کیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے جبکہ 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا چندہ ملا۔ پیپلز پارٹی نے 2 کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے اور آمدن 57 لاکھ ہوئی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے۔۔
مسلم لیگ (ن) کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 17 لاکھ روپے ہے، مسلم لیگ (ن) کو 1 کروڑ 55 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی اوراخراجات 20 کروڑروپے کے ہوئے۔ ق لیگ کے پاس 4 کروڑ99 لاکھ روپے مالیت جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پاس 4 کروڑ19 لاکھ کے اثاثے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے چندے کی مد میں 4 کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔ جماعت اسلامی 90 لاکھ 18 ہزار روپے کے اثاثوں کی مالک ہے ،شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے پاس صرف اڑھائی لاکھ روپے،بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس 2 لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 125سے زائد رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف 82 سیاسی جماعتوں نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔
Comments are closed.