پاکستان مسلم لیگ (ن) تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، خواجہ آصف

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سینئر رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ  کرپشن اور مہنگائی کی وجہ سے موجودہ حکومت کے رخصت ہونے کا انتظار کریں گے۔ چاہتے ہیں آئندہ جو لوگ ایوان میں آئیں وہ دھاندلی کی پیداوار نہ ہوں کسی کفیل کے ذریعے اس پارلیمنٹ میں نہ پہنچیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر تبدیلی آتی ہے تو ان کی جماعت کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔ مسلم لیگ (ن) نہ کسی سازش کا حصہ بنے گی اور نہ ہی ڈیل کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی آئین سربلند ہو۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے کچھ مہینے پہلے کہا تھا کہ یہ پہلوان خود اپنے بوجھ سے گرے گا۔ حالات اوورٹیک کر رہے ہیں اور وقت بدل رہا ہے۔ آج جو میڈیا مہنگائی کے بین ڈال رہا ہے، یہی اس وقت آٹھ آٹھ گھنٹے ان (تحریک انصاف) کو دکھاتا تھا۔ حکمران جماعت کو ووٹ دینے والے بھی آج پچھتا رہے ہیں۔ اس وقت عوامی رائے کا محور مہنگائی ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ اقتدار اور دولت کی ہوس ان حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔ اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا، یہ حکمران خود اپنے دشمن ہیں۔ یہ حکومت کس کس چیز کی درستگی کرے گی۔ صرف ایک دن میں 143 ارب روپے کا سٹاک ایکسچینج میں نقصان ہوا۔

مسلم لیگ کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ڈبونے کے تمام لوازمات پورے ہیں۔ حکومت نے اس ملک کو چینی اور آٹا مافیا کی پناہ گاہ بنا دیا ہے۔ اس وقت بحران سے فائدہ اٹھانے والے حکومت میں ہیں، یا اس کے کفیل ہیں۔ ایف آئی اے نے کچھ ایسے لوگوں کے نام لئے ہیں جن کی وجہ سے سارا بحران پیدا ہوا۔

Comments are closed.