اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کے معاشی حقوق پرسودے بازی کی اوریہ حکمران معیشت اور ملک چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ پارلیمنٹ کو نظرانداز کر کے کی جانے والی پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل بالکل منظور نہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے سے کسی کے پیٹ میں کھانا نہیں جائے گا، جس طرح سے یہ معاہدے کررہے ہیں ہماری معیشت سے جان نکال رہے ہیں، عوام کے معاشی حقوق پرسودے بازی کی گئی، یہ حکمران معیشت اورملک نہیں چلا سکتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا حق ہے کہ وزرا سے سوال پوچھے، 15 ماہ میں جتنا قرض لیا گیا ماضی میں اتنا قرض نہیں لیا گیا، جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہورہی ہے، حکومت جائے گی تو ہمیں کوئی اور عبوری سیٹ اپ قبول نہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کو پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا، ہمیں پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل بالکل نامنظور ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کے معاہدے کو پھاڑ کرپھینک دیں گے، حکمراں آئی ایم ایف کے پاس واپس جائیں اور دوبارہ ڈیل کریں، جب سے پارلیمان میں آیا ہوں ہر منی بجٹ پرکہا یہ عوام کا معاشی قتل ہے، عوام ریلیف دراصل جینا چاہتے ہیں، حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کرے لیکن عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہ کرے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، ہم اپنے حلقوں میں جاتے ہیں توعوام ہم سے سوال کرتے ہیں، آئے روز خودکشیاں ہورہی ہیں، کراچی میں ایک باپ نے بچوں کیلئے گرم کپڑے کی سکت نہ ہونے پر خودکشی کرلی، خوراک کی قیمتوں میں ایک سال میں 78 فیصد اضافہ ہوا۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ ہم حساب مانگیں تو جواب میں گالیاں ملتی ہیں اورذاتیات پرآجاتے ہیں، غریب عوام حکومت کی معاشی پالیسی برداشت نہیں کرسکتے، موجودہ حکومت میں تاریخی مہنگائی ہے۔ جس کا اعتراف حکومتی ادارے خود کر رہے ہیں۔
Comments are closed.