اسلام آباد: پاکستان اور ترکی نے مسئلہ کشمیر، (ایف اے ٹی ایف) اور دہشت گردی سمیت دیگر تمام معاملات میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پھر سے میں ترک صدر طیب اردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستانی عوام نے ان کی تقریر کو بہت پسند کیا۔ ترک صدر پاکستان میں الیکشن لڑیں تو کلین سوئپ کر جائیں گے۔۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکی نے صرف مسئلہ کشمیر پر ہی نہیں بلکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر بھی کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ جس طرح کشمیریوں پرظلم کے خلاف ترک صدر نے آواز بلند کی، میں پاکستانی قوم کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا علاقہ نہیں ہے۔ مقبوضہ وادی میں بسنے والوں کے 6 مہینے سے زیادہ قید میں رکھا گیا ہے، ان کے حقوق سلب کیے ہوئے ہیں۔ بھارت نے کشمیری قیادت اور نوجوانوں کو جیل میں بند کر رکھا ہے۔ کشمیریوں کو مواصلات اور دیگر بنیادی حقوق تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان آج کے ایم او یوز پر دستخظ نئے دور کا آغاز ہے۔ دونوں ملکوں کے تجارتی معاملات میں نیا دور آ رہا ہے۔ ان چیزوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ اس کے علاوہ اسلاموفوبیا کے خلاف ہم نے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم دہشتگردی کیخلاف ترک موقف کی کھل کر حمایت کرتے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرتپاک استقبال پر میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تین سال بعد پاکستان کا دورہ کرکے دلی مسرت ہوئی۔ میں پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔ ترکی پاکستان کیساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
ترک صدر نے کہا کہ 13 معاہدے پاک ترک تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہیں۔ سٹریٹجک تعاون کونسل دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بہت اہم ہے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردودوں کے مطابق پرامن حل چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان اور ترکی صدر رجب طیب اردوان کی مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط کی تقریب ہوئی۔ٹی وی،ریڈیو، سیاحت، ثقافت، خوراک، تجارت میں سہولت کاری، پوسٹل سروسز، ریلوے اور عسکری تربیت سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر متعلقہ وزارتوں کے وزرا نے دستخط کیے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک ترک اکنامک فریم ورک سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
Comments are closed.