مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کردیئے

سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے مظالم جاری ہیں، قابض فوج نے ضلع پلوامہ میں 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ریاستی دہشت گردی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، غاصب بھارتی فوج نے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے،بھارتی بربریت کے خلاف کشمیری عوام نے بھرپوراحتجاج کرتے ہوئے غاصب فورسز پر شدید پتھراو کیا۔

ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بھارتی فوج نے نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کیا،  اس دوران تین معصوم کشمیریوں کو گولیاں ماری گئیں، قابض فوج نے ضلع سری نگر، بڈگام ، اننت ناگ اسلام آباد، بارہ مولا، کپواڑہ اور راجوری میں بھی نام نہاد سرچ آپریشن کیا اور متعدد نوجوانوں کو غیر قانونی حراست میں لے لیا۔

کے ایم ایس کے مطابق بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری سڑکوں پرنکل آئے اورمودی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا، اس دوران بھارتی فوج اور وزیراعظم مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ بھارتی فوج پر نوجوانوں نے پتھراو بھی کیا۔

Comments are closed.