اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چینی صدرشی جن پنگ کو ٹیلی فون کیا اور کرونا وائرس سے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ حکومت پاکستان اورعوام کرونا وائرس کے خاتمے کی کوششوں میں چین کے ساتھ ہیں۔ امید ہےچین پاکستانی شہریوں اور طلباء کی خصوصی دیکھ بھال جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ چین کی جانب سےکرونا وائرس کے تدارک کےلیے فوری اور موثراقدامات کو دنیا بھرمیں سراہا گیا۔ چینی عوام کی مدد کیلئے پاکستانی ڈاکٹرز اور فیلڈ ہسپتال بھجوانے کو تیار ہیں۔چین، صدرشی پنگ کی قیادت میں کرونا وائرس پرقابو پانے میں کامیاب ہوگا۔ وزیراعظم نےکہا کہ امید ہے چین پاکستانی شہریوں اور طلبا ءکی خصوصی دیکھ بھال جاری رکھے گا۔
چینی صدرشی جن پنگ نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چین کرونا وائرس کے خلاف بروقت اور تیزترین اقدامات کررہا ہے، چینی عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کریں گے، پاکستانی شہریوں بالخصوص طلبہ کا اپنے شہریوں کی طرح دیکھ بھال اور علاج کیا جا رہا ہے۔
چینی صدر نے پاک چین اقتصادی شراکت داری کو نئی جہتوں تک لے جانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔شی جنگ پنگ نے کہاکہ سی پیک ،پاک چین اقتصادی شراکت داری کا محور ہو گا۔
Comments are closed.