اقتصادی راہداری کیخلاف اٹھنے والی آوازیں، منفی پراپیگنڈہ کامیاب نہیں ہوگا، چینی سفیر یاؤ جنگ

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا ہے کہ چین معاشی طور پر مستحکم پاکستان چاہتا ہے، پاکستان کی ترقی چین کے لیے اہم ہے۔ سی پیک کے خلاف اٹھنے والی آوازیں اور منفی پراپیگنڈہ کامیاب نہیں ہو گا۔

اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے نے کہا سی پیک کے تحت ریلوے لنک بڑھنے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت میگا پراجیکٹ مکمل کیے گئے جن میں سے ایک اورنج لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا سی پیک کے خلاف متحرک ہے، لیکن اس منفی پراپیگنڈا کو سی پیک کے مثبت اثرات سے مات ہوگی۔ پاکستان اور چین کو پتا ہے کہ سی پیک ان کے عوام کے لیے کتنا اہم ہے۔

یاؤ جنگ نے کہا کہ پاکستان کو سستی صنعتی پیداوار کی ضرورت ہے۔ سستی بجلی صنعتی پیداوار کی لاگت کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ سستی صنعتی پیداوار برآمد ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرونا وائرس سے سی پیک کے رفتار متاثر نہیں ہوگی۔ سی پیک کے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے بھی ہو سکتے ہیں۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ گوادر سے کوئٹہ، چمن اور پھر وسط ایشیائی ریاستوں تک ریلوے لنک نہایت اہم ہے، جو خطے کی تجارت کو فروغ دے گا۔ سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں جو مشترکہ صنعتی پیداوار فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ سماجی شعبے میں تعاون سی پیک کا نیا باب ہے۔ سی پیک کے تحت ووکیشنل تربیت روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی کرے گا۔

Comments are closed.