امریکا کے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،دونوں ممالک مثبت انداز میں کام کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ

مانیٹرنگ ڈیسک

احمد آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں خطاب کے دوران کہا ہے کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، امریکی انتظامیہ، پاکستان کے ساتھ مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ ملانیا اوربیٹی ایوانکا ٹرمپ کے ہمراہ احمد آباد پہنچے جہاں سے انہیں سابرماتی آشرم لے جایا گیا۔ آشرم کے دورے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ احمد آباد اسٹیڈیم  میں نمستے ٹرمپ کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ بھارت کی ان کے دل میں خاص جگہ ہے وہ پرتپاک استقبال کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکا دہشت گردوں اور ان کے نظریات کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، اسی لیے میری حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لئے پاکستان کے ساتھ مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں جن میں ترقی ہو رہی ہے، ان کوششوں کی بدولت پاکستان کے ساتھ پیش رفت کے اشارے نظر آنے شروع ہوگئے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے، استحکام میں اضافے اور مستقبل میں ہم آہنگی کے لئے پر امید ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب سے قبل بھارتی حاضرین اونچی آواز میں صدر ٹرمپ کو داد دیتے رہے تاہم امریکی صدر کی طرف سے پاکستان کی تعریف کرنے کے بعد بھارتیوں کو سانپ سونگھ گیا اور سب کے سب خاموش ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت اسلامی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھے ہیں، میری حکومت نے داعش کے خلاف پوری فوجی طاقت سے کارروائی کی جس کے نتیجے میں اس کی خلافت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور خلیفہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کردیا گیا۔

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں اور بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہم اسے دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار دیں گے۔

امریکی صدر نے خطاب میں بھارتی کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی جبکہ بالی وڈ کی فلموں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور شعلے کا بھی ذکر کیا۔ مگر انہوں نے سچن ٹنڈولکر کو “سوچن ٹنڈولکر’ کہہ کر مخاطب کیا جس پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کا پہلا دورہ بھارت ہے جہاں وہ کل  3 ارب ڈالرز مالیت کا دفاعی معاہدہ بھی کریں گے۔

Comments are closed.