اسلام آباد: احتساب عدالت نے ناروال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب نے پیشرفت رپورٹ اور ایف آئی اے سے حاصل ریکارڈ جمع کرایا، لیگی رہنما نے اسپورٹس سٹی منصوبہ اجاڑنے والوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ناروال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد لیگی رہنما احسن اقبال احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں پیشرفت رپورٹ اور ایف آئی اے کی جانب سے حاصل کردہ ریکارڈ جمع کرایا۔
جج نے کیس میں ملزم کی حاضری لگانے کی ہدایت کی تو وکیل صفائی نے اعتراض عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا جب تک ریفرنس نہ آ جائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔ دوران سماعت احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ ناروال سپورٹس سٹی منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کام روکا گیا، ریفرنس ان کے خلاف دائر کیا جائے جنہوں نے منصوبے کو اجاڑا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہے اور مافیا آزاد پھر رہا ہے۔ جس پر جج نے احسن اقبال کو ہدایت کی کہ وہ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں اپنا موقف تحریری طور پر وکیل کے ذریعے عدالت میں پیش کریں۔
احتساب عدالت نے نیب کو 1 ماہ کے اندر احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا، مقدمے کی مزید سماعت چھبیس مارچ کو ہوگی۔
Comments are closed.