فریقین افغانستان امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کو موقع نہ دیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے امریکا اورطالبان کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کو موقع نہ ملے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کہنا تھا کہ امریکا اور طالبان کے مابین دوحہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ سمیٹنے اور افغان عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کے لیے امن و مفاہمت کا پیش خیمہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال کیوں نہ ہو، امن کا معنی خیز دروازہ سیاسی حل ہی سے کھلتا ہے۔ اب فریقین یقینی بنائیں کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے خواہاں عناصر کوئی موقع نہ پاسکیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میری دعائیں افغانستان کے عوام کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل و غارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اس معاہدے کی بقا و کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے مکمل پرعزم اور تیار ہے۔

Comments are closed.