چین کے صوبے ہوبے کے دارالحکومت ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس دنیا کے 60 ممالک میں پھیل چکا ہے، خطرناک وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایران میں مزید 11 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی ہے جو چین کے بعد کسی ملک میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ قازقستان حکومت نے 5 مارچ کے بعد ایرانی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور آذر بائیجان جس کی ایران کے ساتھ سرحد ملتی ہے وہاں کے لئے اپنا فلائٹ آپریشن محدود کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پہلے ملک اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1694تک پہنچ گئی ہے جب کہ فرانس میں 130 افراد اس خطرناک وائرس میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں 20 کے قریب افراد اس مرض میں مبتلا ہیں، چیک ری پبلک، سکاٹ لینڈ اور ڈومینیکن ری پبلک میں بھی ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
جنوبی کوریا میں اُس چرچ کی انتظامیہ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے جس نے حکومتی ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چرچ کو عبادات کے لئے کھولے رکھا، جہاں سے کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا۔جنوبی کوریا میں چار مزید ہلاکتوں کے بعد کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جب کہ 476 مزید افراد کے اس وائرس سے مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4212 تک پہنچ چکی ہے۔
امریکی شہر نیو یارک میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، متاثرہ شخص نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا جہاں وہ اس وائرس سے متاثر ہوا، نیویارک حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو قرنطینیہ میں رکھا ہے، شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، متعلقہ ادارے اس حوالے سے تمام اقدام کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس کا گڑھ سمجھے جانے والے چین نے مزید 42 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صرف چین میں کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2912 جب کہ دنیا بھر میں 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
Comments are closed.