او آئی سی سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر یوسف ایم الدوبیے کی قیادت میں 5 رکنی وفد 2 سے 6 مارچ تک پاکستان کا اہم دورہ کر رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی کے خصوصی نمائندہ اور وفد کے دیگر اراکین بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے جائزہ کے لئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ پانچ اگست 2019 کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کے بعد او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندے کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تنازعہ کشمیر پر او آئی سی کی قراردادوں اور مختلف اجلاسوں کے بعد اس دورے سے عالمی سطح پر موثر پیغام جائے گا۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی غیرمتزلزل جدوجہد کی حمایت کر چکی ہے، او آئی سی نے جموں کشمیر پر 1994 میں کانٹیکٹ گروپ قائم کیا۔ گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد او آئی سی کے کشمیر کانٹیکٹ گروپ نے 5 اگست 2019 کے بعد دو اجلاس بلائے  گئے۔

اسلامی تعاون تنظیم مقبوضہ وادی کی تشویش ناک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، او آئی سی کا مستقل انسانی حقوق کمیشن کئی بار بھارتی اقدامات کی مذمت کر چکا ہے۔ کشمیری اور پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Comments are closed.