خطرناک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلاپاکستانی مریض مکمل صحت یاب
حکومت کا ڈیزیزسرویلینس اینڈ رسپانس سینٹرزکے دائرہ کار کو ضلعی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد/ کراچی: پاکستان میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والا پہلا مریض مکمل صحت یاب ہو گیا ہے جسے ہفتہ 7 مارچ کو اسپتال سے گھرجانے کی اجازت ملنے کا امکان ہے، وفاقی حکومت نے ڈیزیزسرویلینس اینڈ رسپانس سینٹرزکے دائرہ کار کو ضلعی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے مریض کا علاج مکمل ہو گیا ہے، صوبہ سندھ کے رہائشی نوجوان یحییٰ جعفری کی نگہداشت پر مامور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اب مکمل صحتیاب ہو چکا ہے، اسے ہفتے اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ نوجوان اور اس کے اہلخانہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سندھ حکومت اور پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، انہوں نے اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا بھی ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 3 جب کہ ملک بھر میں 6 ہو گئی تھی۔ کورونا وائرس کے نئے مریض کی عمر 69 سال اور اس کا تعلق ڈسٹرکٹ شرقی سے ہے۔ کورونا سے متاثرہ چھٹے شخص نے بھی حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا۔
قبل ازیں ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیرصدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں 21 بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، معاون خصوصی نے کورونا وائرس کی صورتحال، حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو شرکا کو آگاہ کیا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز موجود ہیں جس کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہیں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنے حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی کابینہ کے اراکین، پارلیمنٹیرینز سب مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔ملک بھر میں بیماریوں کی نگرانی اور فوری ردعمل کے لئے ڈیزیزسرویلینس اینڈ رسپانس سینٹرزکے دائرہ کار کو ضلعی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہم نے بر وقت ضروری اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔
Comments are closed.