اسلام آباد: قانون کے رکھوالے رہزن بن گئے، وفاقی دارالحکومت میں پولیس اہلکار ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیکٹر آئی 8 میں ڈکیتی کر کے فرار ہونے والا پولیس اہلکار پیٹی بھائیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
عوام کے جان و مال کی محافظ پولیس کے اہلکار ہی شہریوں کو لوٹنے لگے، کراچی کے بعد شہر اقتدار میں بھی پولیس اہلکار ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، آئی ایٹ مرکز میں گن پوائنٹ پر لوٹ مار کرنے والا ڈاکو اسلام آباد پولیس کا ملازم نکالا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا اہلکار اشرف ڈیوٹی کے بعد ڈکیتی کی وارداتیں کرتا تھا، آج بھی ڈیوٹی کرنے کے بعد پولیس اہلکار نے ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں شہری کو لوٹا تو اس نے شور مچا دیا، معمول کے گشت پر مامور پولیس ٹیم کو دیکھ کر ڈکیت اہلکار اور اس کے ساتھیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ایس پی زبیر شیخ نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی کو بھی روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ بعد ازاں پولیس کے گھیرے میں آنے والے ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو راہ گیر بھی شدید زخمی ہوئے، جن کی شناخت اسامہ محمود اور عامر کے نام سے ہوئی ،پولیس نے زخمی ڈکیت اور راہگیروں کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام واقعہ کے حقائق کو چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فرار ہونے والے دو ڈاکو بھی پولیس اہلکار ہو سکتے ہیں۔
چند روز قبل وفاقی پولیس کی محکمانہ انکوائری مکمل ہونے پر سینکڑوں افسران و اہلکاروں کو رشوت خوری، ناقص کارکردگی پر سزائیں دینے کی خبر سامنے آئی تھی، ان پولیس اہلکاروں کے خلاف عوامی شکایات کے بعد محکمانہ تحقیقات کا آغا کیا گیا۔
Comments are closed.