سیکورٹی فورسز کا ٹانک میں آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا افسرشہید

راولپنڈی/ اسلام آباد: سیکورٹی فورسزنے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمان شہید ہو گئے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، امن دشمنوں کی کمین گاہ کا گھیرا ہونے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔

مسلح افواج کی روایت برقرار رکھتے ہوئےکرنل مجیب الرحمان جوانوں کے شانہ بشانہ لڑتے رہے اورمادر وطن کے امن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود اور مواصلاتی آلات قبضے میں لیے۔46 سالہ شہید کرنل مجیب الرحمن کا تعلق استور کے علاقے بونجی سے تھا۔انہوں نے سوگوران میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کوچھوڑا ہے۔

سیکورٹی فورسز کی بےمثال قربانیوں سے دہشتگردی کا خاتمہ اور امن قائم ہوا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین اور امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنےوالے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم افواج  پاکستان اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے،ان کی بےمثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کا خاتمہ ہوا اورامن کی شمع روشن ہوئی ہے،وزیرِاعظم کی شہید کرنل مجیب الرحمان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

کرنل مجیب الرحمان جیسے بہادر بیٹے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کرنل مجیب الرحمان جیسے بہادر بیٹے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ دہشت گردی ایک مائنڈسیٹ ہے،آخری دہشتگرد کےخاتمے تک اسکا مقابلہ کرنا  ہوگا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ پوری قوم فرنٹ لائن پر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنیوالے پاک فوج کےجوانوں کے ساتھ ہے، جب تک مجیب الرحمان جیسے دلیر پیدا ہوتے رہیں گے، دہشتگردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

Comments are closed.