اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں اب تک 28 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، دنیا میں پاکستان 48 ملک تھا جہاں کورونا کی تصدیق ہوئی اور بروقت اقدامات کے باعث خطے میں آخری ملک تھا جہاں بعد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھانے کیلئے تیارہے اور کردار ادا کررہی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، یہ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا کہ صحت کے شعبے پر اس کمیٹی کا اجلاس ہوا اورقومی سلامتی کمیٹی نے میری سربراہی میں نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی برائے کورونا تشکیل دی ہے جس کے تمام وفاقی وززاء اور صوبائی وزارئے اعلیٰ ممبر ہوں گے، آئی ایس آئی، ایم او، ملٹری جنرل سرجن، چیئرمین این ڈی ایم اے بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے، کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ شادی ہالز میں تقریبات پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگادی گئی ہے جب کہ سینما گھروں اور تھیٹرز کو بھی دو ہفتوں کے لیے بند کیا جارہا ہے۔ اس بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ملک میں تمام بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے صرف 3 ائیرپورٹس کراچی، لاہور اور اسلام آباد پرانٹرنیشنل پروازیں آسکیں گی، بین الاقوامی پروازیں صرف اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آپریٹ ہوں گی یہ فیصلہ صرف اس لئے کیا گیا ہے کیوں کہ عوام کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور چیزنہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث قومی سلامتی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رہیں گے جب کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں اورکچہریوں میں بھی بڑی تعداد میں عوام آتے ہیں جس کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان سے رابطہ کررہے ہیں جب کہ ہم درخواست کریں گے کہ سول کورٹس میں تاریخیں 3 ہفتوں کے لیے بڑھادی جائیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ ہم درخواست کریں گے کہ جوڈیشل مجسٹریٹس اور سیشن کورٹ کے ججز جیلوں میں جاکر مقدمات کے فیصلے کریں، جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر 3 ہفتے کےلیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔
Comments are closed.