مزید 20 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، پاکستان میں مریضوں کی تعداد 53 ہو گئی

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: پاکستان میں ایک دن میں مزید 20 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ملک میں اس خطرناک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 53 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کراچی اور اسلام آباد کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی خطرناک وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ جبکہ تفتان سے سکھر منتقل کیے گئے زائرین میں سے 13 کے طبی ٹسیٹ مثبت آئے ہیں۔

 پاکستان میں صرف آج کی تاریخ میں مجموعی طور پر20 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی، جب کہ سندھ میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 35 ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں ایک اور کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ مریض گزشتہ روز کوئٹہ سے کراچی پہنچا تھا۔ اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت نے بھی وائرس سے متاثرہ شخص کی تصدیق کی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ دستیاب معلومات کے مطابق متاثرہ شخص بلوچستان سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ رات ہی کراچی پہنچا تھا۔

اس سے قبل حکومت سندھ کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ تفتان سے منتقل کیے گئے زائرین میں سے کم از کم 13 افراد کے طبی ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد سرحد پر قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا تھا۔

سکھر میں قرنطینہ کے سینٹر سے 40 زائرین کے طبی نمونے ٹیسٹ کے لیے کراچی روانہ کیے گئے تھے جس میں سے 13 نمونے مثبت ثابت ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ تفتان بارڈر پر قرنطینہ کیے گئے مجموعی 853 زائرین میں سے 288 کو سکھر منتقل کردیا گیا۔ترجمان سندھ حکومت نے بتایا تھا کہ سکھر میں منتقل کیے گئے 288 زائرین کے سوا 20 سالار بھی ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیرعلاج کورونا وائرس کی مریضہ کے شوہر میں بھی وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، پمز ہسپتال میں زیر علاج خاتون چند روز قبل امریکا سے پاکستان آئی تھیں، مریضہ کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری صحت لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے پنجاب کے دارلخلافہ میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔10 مارچ کو برطانیہ سے واپسی کے چند دن بعد 54 سالہ مریض کو کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہفتہ کی رات میو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی تھی۔آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکٹری متھر نیاز رانا نے کہا کہ وادی میں کورونا وائرس کے 9 مشتبہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

Comments are closed.