پاکستان میں مزید 3 افراد کورونا وائرس کا شکار، متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہو گئی

اسلام آباد: حکومت کی تمام تر کوششوں اور حفاظتی اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، سندھ میں مزید دو افراد خطرناک وائرس کا شکار ہونے کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ہفتہ کو سامنے آنے والے پہلے کیس سے متعلق بتایا کہ کورونا سے متاثر ہونے والا شخص سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا، جہاں اس میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق  کراچی میں سعودی عرب سے آنے والے 38 سالہ شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

بعد ازاں محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے ایک نئے کیس کی تصدیق کی۔محکمہ سندھ کے بیان میں کہا گیا کہ 20 سالہ مریض کی کوئی سفری تاریخ نہیں ہے، تاہم ان کے والد حال ہی میں برطانیہ سے لوٹے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مریض کے والدین کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

نئے کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 17 ہوگئی ہے جن میں سے 2 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، جب کہ 15 متاثرہ افراد تاحال زیرعلاج ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

پمز کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سے واپس آنے والی 40 سالہ خاتون کو دو روز قبل پمز لایا گیا تھا۔ خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 28 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، پہلے 21 کیسز تھے لیکن تفتان میں ایران سے آئے ہوئے 7 افراد بھی خطرناک وائرس کا شکار ہوئے ہیں، جن میں ایک بچہ اور خاتون بھی شامل ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذک ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی معاملے سے نمٹنے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی جب کہ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے پہلے 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بعد سندھ میں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیاں قرار دے دیا تھا۔

Comments are closed.