کورونا وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑھ لئے، 55 نئے شکار، متاثرہ مریضوں کی تعداد 237 ہوگئی

لاہور/ کراچی/ اسلام آباد: حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 ، بلوچستان میں 6 جب کہ خیبرپختونخوا میں بھی ایک اور کیس سامنے آ گیا جس کے بعد پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ملک بھر میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں سے مزید 55 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد خطرناک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 تک پہنچ گئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام مشتبہ مریضوں، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں موجود 736 زائرین اور تفتان سے آنے والے مزید ایک ہزار 276 زائرین کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

اس سے پہلے عثمان بزدار نے پنجاب میں 8 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ ان افراد کو بہتر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ لاہور کے میو ہسپتال میں مرنے والے شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔موجودہ صورتحال میں سب کو ذمہ داری کا مظاہر کرنا چاہیے۔

اس سے قبل پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں 6 افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پہلے مرحلے میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔

علاوہ ازیں سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔ جن میں سے134 افراد تفتان سے سکھر آئے جب کہ 37 کیسز کراچی اور ایک حیدرآباد میں رپورٹ ہوا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں بتایا ہے کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 17 مارچ کو صبح 11 بجے تک سندھ میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 155 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 236 تک پہنچ چکی ہے، جن میں سے 172 کیسز سندھ کے ہیں، پنجاب میں 26 بلوچستان میں 16 جب کہ خیبرپختونخوا میں 16 افراد خطرناک وائرس کا شکار ہو مختلف اسپتالوں کے قرنطینہ میں زیر علاج ہیں، گلگت بلتستان میں 5 جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

Comments are closed.