اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو کر وائرس کو شکست دے گی، کورونا سے خوفزدہ نہیں صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے سابق وزیرقانون ڈاکٹر بابراعوان نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملکی تازہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بابراعوان کی والدہ مرحومہ زینب النساء بیگم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔
کورونا وائرس کی صورتحال اور اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان عالمی وباء کے خلاف جنگ جیتے گا، کورونا وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے چین کا تعاون قابل ستائش ہے۔ چین کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے معاونت کو فراموش نہیں کر سکتے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ وائرس کے اثرات کے تناظر میں عالمی اداروں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے،کرونا کے حوالے سے تمام اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
اس موقع پر بابر اعوان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اورکہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر فخر ہے، وزیراعظم ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیں۔
Comments are closed.