امریکی وزیردفاع کا پاک فوج کے سربراہ سے رابطہ،سیکورٹی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

واشنگٹن/ اسلام آباد: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے ٹیلی فونک رابطہ کر کے  پاکستان کے ساتھ سیکورٹی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوف مین کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ امریکی وزیر دفاع ڈاکٹر مارک ٹی ایسپر نے پاک فوج کے سربراہ  جنرل قمر جاوید باجوہ  سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات سے متعلق امور پر بات کی گئی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کے دوران مارک ایسپر نے پینٹا گون کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ طویل المدتی، باہمی مفاد کی بنیاد پر سیکورٹی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی وزیر دفاع نے افغان مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کی مدد اور تعاون کو سراہا جس کے نتیجے میں 29 فروری 2020 کو طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پایا۔ مارک ایسپر نے پاکستان کے ساتھ جاری قریبی تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments are closed.