اسلام آباد: دنیا بھر کو متاثر کرنے والے کورونا انفیکشن سے اب پاکستان میں بڑی تعداد میں افراد متاثر ہو رہے ہیں، ایک روز میں مزید 219 پاکستانی وبائی مرض کا نشانہ بن گئے جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
دنیا بھر کو متاثر کرنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک میں آج ہفتے کو سامنے آنے والے مصدقہ کیسز میں سندھ سے 128، پنجاب سے 41، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 4 جب کہ گلگت بلستان سے34 نئے کیسز شامل ہیں۔
صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں ہفتہ کے روز مزید 128 نئے کیسز سامنے جس کے بعد یہاں تعداد 396 تک جاپہنچی ہے۔دوسری جانب پنجاب میں بھی مزید41 افراد کے اس کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 137 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کے صوبے میں 41 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں اس عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہوگئی۔
ادھر بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آگئے۔ اس حوالے سے بلوچستان کے چیف سیکرٹری فاضل اصغر نے صوبے میں ان نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 104 افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا چار افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مزید کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی۔علاوہ ازیں سرکاری ویب کے اعداد و شمار میں گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 9 کیسز رپورٹ ہونے کے بارے میں بتایا گیا۔
اس طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 693 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 396، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 27، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 55 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے دارالخلافہ ووہان سے شروع ہونے والے مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
Comments are closed.