کورونا ایک اور زندگی نگل گیا، پاکستان میں مجموعی اموات 4، متاثرہ افراد 757 ہو گئے

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس ایک اور زندگی نگل گیا، صوبہ خیبرپختونخوا میں وباء سے متاثرہ مریض جاں بحق ہونے سے صوبے میں اموات کی تعداد 3 جب کہ ملک میں ہلاکتیں 4 تک پہنچ گئی ہیں انفیکشن سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر757 ہوگئی ہے۔

پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ اور کورونا مانیٹرنگ روم کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 222 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق 153 زائرین، 36 لاہور، ایک ملتان، 2 راولپنڈی، 3 گجرات، 3 جہلم اور گوجرانوالہ میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب محمکہ صحت سندھ کے مطابق نئے 41 کیسز میں سے کراچی میں 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 4 بیرون ملک سفر کرکے آئے تھے، 2 متاثرین برطانیہ اور 2 ترکی سے واپس آئے تھے۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق کراچی سے رپورٹ ہونے والے دیگر 14 کیسز مقامی افراد ہیں جن کا بیرون ملک کا سفری ریکارڈ نہیں ہے۔ رپورٹ ہونے والے دیگر 23 کیسز سکھر سے ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں تصدیق ہونے والے کورونا وائرس کے کیسز میں صوبہ سندھ سے 39، پنجاب سے 56، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 8 جبکہ گلگت بلستان سے 34 نئے کیسز شامل ہوئے تھے جس کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 646 ہوگئی تھی۔

اگر صوبوں کے بات کی جائے تو کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد صوبہ سندھ میں 333، پنجاب میں 222، بلوچستان میں 104، خیبرپختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں بھی ایک شخص متاثر ہوا ہے جبکہ 4 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے دارالخلافہ ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ مختلف ممالک نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنی سرحدیں بند کردیں ہیں جبکہ فضائی سفر کو بھی معطل کردیا ہے۔

Comments are closed.