راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو کوئی بھی چیز شکست نہیں دے سکتی، کورونا وائرس کی روک تھام کے لے پاک فوج قومی جدوجہد کا حصہ بن کر مقدس فریضے کے طور پر قوم کی خدمت اور حفاظت کرے گی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کورونا وائرس کے معاملے پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ویڈیو لنک پر کورونا وائرس سے متعلق ایک نکاتی ایجنڈے پر ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں وائرس کے عدم پھیلاؤ میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی تیاریوں پر غور ہوا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے تمام دستوں اور ان کے طبی وسائل کو مختصر نوٹس پر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تیار رہنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج قومی جدوجہد کا حصہ بن کر مقدس فریضے کے طور پر قوم کی خدمت اور حفاظت کرے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں بتدریج اضافہ جاری ہے جس کے پیش نظر سندھ میں 15 دن جبکہ گلگت بلتستان میں غیر معینہ مدت تک کے لیے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔
علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے فوج طلبی کی درخواست کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی وزارت داخلہ کو مراسلے ارسال کردیے جن میں کہا گیا ہے کہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کی خدمات درکار ہیں۔
Comments are closed.