اسلام آباد: دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی جانیں نگلنے والی مہلک وباء پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اور ایک ماہ کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1100 سے تجاوز کرگئی جبکہ 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 26 فروری 2020 کو مہلک وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے ایک ماہ کے اندر ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے سے عالمی وباء کا شکار بننے والے پاکستانی مریضوں کی تعداد 1190 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچا دی ہے اور 198 ممالک اور علاقوں میں 21 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 4 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اس خطرناک انفیکشن سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اٹلی، اسپین اور امریکا میں یہ وباء تیزی سے پنجے گاڑھ رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد اس کا شکار ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے کیسز پر نظر ڈالیں تو اس ایک ماہ کے عرصے میں سندھ میں سب سے زیادہ 421 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد پنجاب کے کیسز کی تعداد 405 ہے۔اسی طرح بلوچستان میں 131 کیسز اور خیبرپختونخوا میں 123 کیسز ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ تعداد 25 تک پہنچ چکی ہے۔ گلگت بلتستان میں 84 اور آزاد جموں کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاک 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کی گئی۔ خیبرپختونخوا کے وزیرصحت تیمو جھگڑا نے بتایا تھا کہ مردان اور ہنگو میں ایک ایک مریض کی کورونا وائرس کے باعث موت کی تصدیق ہوئی۔
بیس مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔22مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔
اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔ پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔
علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔
Comments are closed.