پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ جاری،1300 سے زائد افراد متاثر، وباء سے10افراد جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے، ملک بھر سے جمعہ کو مزید کیسز سامنے آنے کے بعد عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی 1300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ کورونا وائرس کے باعث 10 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا، عالمی وباء پنجاب میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں پر 448 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب، سندھ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔جمعہ کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد ملک میں اب تک متاثرین کی تعداد 1321 ہوچکی ہے۔

سندھ میں مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور صوبے میں 19 نئے کیس رپورٹ کیے گئے۔ سندھ میں نئے آنے والے کیسز میں 11 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منقلی کے کیس ہیں، اس کے علاوہ ایسا ہی ایک کیس حیدرآباد میں آیا ہے جبکہ 7 کیسز لاڑکانہ میں ایران سے آنے والے زائرین کے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اب تک کراچی میں 164 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 کیسز حیدرآباد اور ایک دادو میں رپورٹ ہوا، مزید یہ کہ 14 افراد صحت یاب ہوچکے جبکہ ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام افراد میں سے 114 افراد مقامی سطح پر منتقلی سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ایران سے سکھر آنے والے 265 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں زائرین کے 7 نئے کیسز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زائرین اور سندھ کے دیگر اضلاع میں آنے والے کیسز کے بعد صوبے کے متاثرین کی مجموعی تعداد 440 تک جا پہنچی ہے۔

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 40 کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 448 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصرآصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے 419 مصدقہ کیسز ہیں، جس میں 207 ڈیرہ غازی خان اور 19 ملتان سے ہیں جو زائرین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 104 افراد اس وائرس سے متاثرہ ہوچکے ہیں جب کہ باقی افراد صوبے کے دیگر علاقوں سے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ کیے گئے 2 ڈاکٹروں سمیت 5 افراد میں وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔چند گھنٹے بعد انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 448 مریض ہیں۔ صوبے میں چار افراد عالمی وباء سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 24 کیسز سامنے آگئے۔ اس حوالے سے صوبائی وزارت صحت کے عہدیدار زین رضا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 24 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 147 تک پہنچ چکی ہے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں مزید کیسز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 53 نئے کیسز آئے اور یہاں تعداد 176 ہوگئی۔

کچھ دیر بعد صوبائی محکمہ صحت نے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے جن کے مطابق 4 مزید نئے کیسز رپورٹ ہونے سے خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 180 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی مزید 2 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک ڈاکٹر میں نوول کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 132 ہوگئی۔بعد ازاں صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میڈیا سیل کے ترجمان نے مزید ایک کیس سامنے آنے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 635 ہے۔

علاوہ ازیں سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2 نئے کیس سامنے آئے۔ان 2 کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔ ادھر گلگت بلتستان میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان 7 نئے کیسز کے بعد علاقے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی ایک نیا کیس سامنے آیا، جس کے بعد وہاں تعداد 2 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر ملک کے مختلف صوبوں کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں 440، پنجاب میں 448، بلوچستان میں 132 اورخیبرپختونخوا میں 180 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 23 افراد اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ جب کہ خیبرپختونخوا میں 3، پنجاب میں 4، سندھ میں ایک، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہو چکا ہے۔

Comments are closed.