پاکستان میں 1500 افراد کورونا کا شکار، عالمی وباء 12 پاکستانیوں کی جانیں نگل گئی

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک کے مختلف علاقوں سے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد وباء سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1500 تک پہنچ گئی، جب کہ مزید دو اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ملک کے مختلف حصوں میں مزید متاثرہ افراد سامنے آنے سے مجموعی تعداد 1500 ہوگئی۔ اس مہلک وائرس سے خیبرپختونخوا میں ایک جب کہ گزشتہ روز پنجاب میں 2 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد اب تک ملک میں وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔

سندھ میں بھی کورونا وائرس کے مزید 29 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں تعداد 469 ہوگئی۔ جب کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے 67 نئے کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد صوبے میں اس وباء کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 497 ہوگئی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 530 ہونے کی تصدیق کی۔ چند گھنٹے بعد محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے مزید 27 کیسز سامنے آنے کا بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔

ادھر خیبرپختونخوا میں مہلک وباء سے ایک خاتون انتقال کرگئیں، جس سے کے پی کے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کے مشیر اجمل وزیر نے اس موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ خاتون کا تعلق لوئر دیر سے تھا۔ بعد ازاں محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مزید 8 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ اس اضافے کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 188 ہوگئی ہے۔

بلوچستان کے ہیلتھ ڈائریکٹریٹ برائے کورونا وائرس سیل کے ترجمان کے مطابق ہفتہ کو کورونا وائرس کے 5 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد کُل مریضوں کی تعداد 138 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کورونا وائرس کے ایک ہزار 275 منفی رزلٹ آئے اور مشتبہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 689 ہے جبکہ 2 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام میں 12 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 39 ہوگئی۔جب کہ گلگت بلتستان میں نئے آنے والے کیسز کی تعداد 16 ہے، جس کے بعد وہاں متاثرین 107 تک پہنچ چکے ہیں۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین پر نظر ڈالیں تو پنجاب سے 557، سندھ سے 469، خیبرپختونخوا سے 180، بلوچستان سے 138، گلگت بلتستان سے 107، اسلام آباد سے 39 اور آزاد کشمیر سے 2 افراد ہیں۔ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصے میں اس وائرس سے 25 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

Comments are closed.