کورونا صورتحال: قومی رابطہ کمیٹی لاک ڈاؤن ختم کرنے یا بڑھانے کا فیصلہ منگل کو کرے گی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمانڈ سینٹر کی جانب سے پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے اعداد و شمار سے پر بریفنگ دی گئی جب کہ عالمی وباء کے پیش نظر صوبائی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات اور ریلیف پیکجز پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاق اور صوبوں نے لاک ڈاؤن سے متعلق یکساں پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔

Comments are closed.