کوروناوائرس بے قابو: 6200 سے زائد افراد متاثر، اموات 113 تک پہنچ گئیں

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 6 ہزار 200 سے زائد افراد متاثر جب کہ 113 اموات ہو چکی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز سے ہی ملک میں اموات اور کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، پہلے 15 روز کے دوران ایک روز میں زیادہ سے زیادہ 14 اموات تک ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

آج (بدھ) کے روز ابھی تک 269 نئے کیسز اور 6 اموات ریکارڈ ہوچکی ہیں اور سندھ، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ سندھ میں بدھ کو کورونا وائرس کے 150 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق کردی گئی جس کے باعث صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد41 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر بتایا کہ اب تک 16 ہزار 26 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 150 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 1668 تک پہنچ گئی۔ ان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 133 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 71 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین 3 ہزار سے تجاوز کرگئے۔صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 16 ہوگئی۔ ان کیسز میں 701 زائرین مرکز، ایک ہزار 91 رائے ونڈ سے منسلک، ایک ہزار 133 عام شہری اور 91 قیدی ہیں۔

ادھر بلوچستان میں مزید 29  افراد مہلک کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 277 تک پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 131 سے بڑھ کر 140 ہوگئی۔اسی طرح آزاد کشمیر میں مزید تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وہاں پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 46 ہوگئی۔

دوسری جانب  گلگت بلتستان میں گزشتہ 2 روز سے کیسز کی تعداد میں کافی بہتری نظر آرہی ہے اور وہاں مزید صرف ایک کیس سامنے آیا۔ اس ایک نئے کیس کے بعد علاقے میں متاثرین کی تعداد 234 تک پہنچ گئی۔

Comments are closed.